تہران،15اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ایرانی صدر حسن روحانی نے جوہری معاہدے سے دستبرداری کی دھمکی دی ہے۔ روحانی کے بقول اگر امریکا اسی طرح پابندیوں اور دباؤ کے طریقہ کار پر عمل کرتا رہا تو تہران حکومت جوہری معاہدے سے الگ ہونے کا فیصلہ آسانی کے ساتھ چند گھنٹوں میں ہی کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے لیے ماضی کی صورتحال کو اپنانا کوئی مشکل نہیں ہے۔ حسن روحانی کے مطابق ان کے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ اچھے ساتھی نہیں ہیں۔ ایرانی صدر نے واضح انداز میں کہا کہ گزشتہ مہینوں کے دوران دنیا نے دیکھا ہے کہ امریکا نے جوہری معاہدے کے تناظر میں کیے گئے وعدوں کی بار بار خلاف ورزی کی ہے۔